تعارف

ریاستوں کی ترقی، فلاح وبہبود، معاشرے میں قانون کی بالا دستی براہِ راست عوامی شعور اور ذمہ دار و مخلص قیادت سے مشروط اور لازم و ملزوم ہیں، کسی ایک کی عدم موجودگی اچھی سے اچھی ریاست کو تباہ کر دیتی ہے ۔اس وقت ترقی یافتہ ریاستوں کی فہرست میں یہ دو بنیادی عنصر اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ معاشروں میں موجود ہیں اور ریاستیں دن بدن ترقی کے نت نئے افق طے کر رہی ہیں۔
حالیہ انسانی تاریخ میں چند مثالیں ایسی موجود ہیں جہاں خوابِ خرگوش میں مَست قوموں کی بیدار مغز قیادت نے نہ صرف اپنی قوم کی تشکیل کی بلکہ اُن کیلئے ایک نظریہ حیات کو دوبارہ زندہ کیا یا ایک نیا نظریہ حیات دیا۔
برِصغیر کے بے سمت مسلمانوں کی رہنمائی ایک ایسے رہنما نے کی،جس کی امانت و صداقت کسی شک و شبہ سے بالا تر رہی اور جس نے ایک دیوار سے لگی کسمپرسی کی ماری بے سمت قوم کی ایسے رہنمائی کی کہ سب سے پہلے اُن کے بکھرے ہوئے شعور کو سمیٹ کر ایک قوم میں تبدیل کیا، اُنہیں ایک سمت دے کر اُن کو ایک وطن دلوایا جہاں وہ آزادی کے ساتھ اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔
جس قوم کی سمت کا تعین، شعور کی بیداری بطور قوم تربیت اور اسلامی اقدار کی پیروی کرنے کی خاطر ایک آزاد وطن کے قیام کے لئے بابائے قوم نے محنت کی تھی، ماضی کے حکمرانوں نے اُس قوم کے شعور کو پوری طرح سلا دیا ہے بلکہ زنگ آلود کر دیا ہے۔
گزشتہ 35/40 سالوں سے اس قوم کی حالت بتدریج بری طرح تنزلی کا شکار رہی، اِس کو لُوٹنے والے کوئی اور نہیں بلکہ اِس کے وہ مفاد پرست حکمران تھے، جن کی تقسیم سے پہلے یا اقتدار میں آنے تک کوئی خاص مالی حالت نہ تھی مگر اقتدار حاصل کرتے ہی اُن کے ذاتی اثاثہ جات کو پَر لگے اور اُن کے کاروبار نے ایسی چوکڑی بھری کہ ساری دنیا حیران ہے۔ قوم کی رگوں سے ’’قومیت‘‘ کا رس نچوڑا گیا، قومی مفادات کو ثانوی حیثیت دینے پر مجبور کیا گیا اور نہ ماننے والوں کو نشانہ عبرت بنایا گیا، ابھی بھی وقت ہے کہ قوم اپنا کھویا ہوا شعور اور مخلص قیادت کی طرف رجوع کرے وگرنہ خاکمِ بدہن کہیں بہت دیر نہ ہو جائے کہ مخالفین کی گندی نظریں مملکتِ خدادِ پاکستان کے وجود پر لگی ہیں اور وہ پوری تُندہی سے اِس کے وجود سے کھیلنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ہم سب کا فرض ہے کہ ہم سب مل کر قوم میں شعور پیدا کریں۔
اس چینل کے اجراء کا مقصد عوام میں شعور کو بیدار کرنا ہے، وہی شعور جسے نااہل حکمرانوں نے زنگ آلود کر دیا ہے، ہم سب مل کر اس چینل کے ذریعے کوشش کریں گے کہ فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی جا سکے، طبقاتی تفریق کا خاتمہ کیا جا سکے، معاشرے کے ہر فرد کو برابر کے حقوق میسر ہوں، زندگی کی تمام تر آسائشوں تک شہریوں کی
رسائی ہو، حکومت اپنے ہر کام کے لئے عوام کو جوابدہ ہو

آج شہریوں میں مرتبے اور حیثیت کی بنیاد پر تقسیم، امیر و غریب کے لئے مختلف قانون، عوامی حقوق پر ڈاکے، عوام کے لئے زندگی اجیرن جبکہ اشرافیہ کے لئے اس زمین پر جنت کے واضح نمونے دیکھے جا سکتے ہیں۔
اِس چینل کے ذریعے ہم نے مُلک میں جاری اِن تمام خرافات کا ناصرف خاتمہ کرنا ہے بلکہ اس ملک کو برباد کرنے والے حکمرانوں کو بھی کوڑے دان میں پھینکنا ہے اور ان شاءاللہ ہم قوم میں یہ شعور بیدار کر کے رہیں گے۔

This site uses cookies. By continuing to browse the site you are agreeing to our use of cookies Find out more here