خدشہ ہے کھلاڑی دورانِ سفر کورونا کی زد میں آئے: وسیم خان

کھلاڑیوں، کوچنگ سٹاف کے ٹیسٹ شوکت خانم ہسپتال سے کروائے تھے جن کے نتائج پر شک و شبہے کی قطعاً گنجائش نہیں: سی ای او پی سی بی

خدشہ ہے کھلاڑی دورانِ سفر کورونا کی زد میں آئے: وسیم خان

 پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمیں خدشہ ہے کہ قومی کھلاڑی سفر کے دوران کورونا وائرس کی زد میں آئے ہیں ۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے وسیم خان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل ہم نے تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے کورونا ٹیسٹ شوکت خانم ہسپتال سے کروائے تھے جن کے نتائج پر کسی قسم کے شک و شبہے کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں ہے ۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے کہ لمبے سفر کے دوران کھلاڑی کورونا وائرس کی زد میں آگئے ہوں لیکن یہ کہنا غلط ہوگا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ میں کورونا ہونے کی وجہ پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنا ہے۔ وسیم خان سے جب سوال کیا گیا کہ نیوزی لینڈ میں اتنے سخت قواعد و ضوابط میں کیا یہ دورہ کرنا درست فیصلہ تھا؟ تو ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ویسٹ انڈین ٹیم بھی نیوزی لینڈ میں موجود ہے، اس کے کھلاڑیوں نے بھی انہی حالات میں اپنا 14 روزہ قرنطینہ مکمل کیا تھا اس کے بعد ہی انہیں ٹریننگ کرنے کی اجازت دی۔

وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک دورہ نیوزی لینڈ کو کوئی خطرہ نہیں ہے تاہم ہم نے صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔دوسری جانب نیوزی لینڈ اے اور پاکستان شاہینز کے مابین پہلا چار روزہ کرکٹ میچ منسوخ کردیا گیا ہے۔ چار روزہ میچ پی سی بی کی درخواست پر منسوخ کیا گیا ہے۔ مینیجڈ آئسولیشن میں کھلاڑیوں کی پریکٹس میں تاخیر کی وجہ سے پی سی بی نے میچ کی تاریخوں میں تبدیلی یا منسوخی کی درخواست کی تھی۔

قومی سکواڈ اب کوئنز ٹاؤن میں متعدد انٹرا سکواڈ پریکٹس میچز کھیلے گا۔ پاکستان شاہینزسمیت قومی سکواڈ میں شامل تمام ارکان 8 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن روانہ ہوں گے۔ کوئنز ٹاؤن روانگی کے لیے سکواڈ میں شامل ہر رکن کو انفرادی طور پر نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی منظوری درکار ہوگی۔ تمام ارکان اس وقت کرائسٹ چرچ میں اپنی آئسولیشن کی مدت مکمل کررہے ہیں۔

سکواڈ میں شامل 8 ارکان کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبٹ آئی۔ان 8 میں سے 2 ارکان کو ہسٹارک یعنی نان انفیکشیس کیسز قرار دیا گیا۔کوئنز ٹاؤن پہنچنے پر قومی کرکٹ ٹیم اورپاکستان شاہینز کا سکواڈ علیحدہ علیحدہ ہوٹل میں قیام کرے گا۔ پاکستان شاہینز کا سکواڈ 14 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن سے وانگرائے روانہ ہوجائیگا۔ قومی سکواڈ 15 دسمبر کو کوئنزٹاؤن سے آکلینڈ روانہ ہوگا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی ٹونٹی میچ 18 دسمبرکوآکلینڈ میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان شاہینز اورنیوزی لینڈ اے کے مابین واحد چار روزہ میچ 17 دسمبرسے شروع ہوگا۔

What's Your Reaction?

like
0
dislike
0
love
0
funny
0
angry
0
sad
0
wow
0