خوشنما زیورات - خواتین کیلئے مضامین

خوشنما زیورات - خواتین کیلئے مضامین

موسم بہار کا ہو تو ہر شے پر جیسے نکھار سا آجاتا ہے اور ایسے میں آپ کے اردگرد موجود پیڑ پودوں اور پھولوں کی آب و تاب تو بڑھ ہی جاتی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ فیشن انڈسٹری پر بھی گویا بہار آجاتی ہے۔دنیا بھر کے فیشن ہاؤسز موسم بہار کیلئے نت نئے اور فیشن کے دیگر لوازمات پیش کرتے ہیں۔ان لوازمات میں زیورات سرفہرست دکھائی دیتے ہیں جنہیں خواتین کی کمزوری سمجھا جاتا ہے۔

گوکہ اکثر خواتین اس بات سے اختلاف کرتی ہیں تاہم اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا اور زیورات کسی بھی عورت کے حسن کو دو چند کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ انہیں پہن کر ان کی شان میں اضافہ ہو جاتا ہے۔چند دہائیوں پہلے تک بھاری بھرکم زیورات کا فیشن تھا اور کسی بھی محفل میں وہی خاتون مرکز نگاہ بنتی تھی جس نے سب سے بھاری زیورات زیب تن کئے ہوتے تھے۔


تاہم پھر رفتہ رفتہ اس رجحان میں تبدیلی آئی اور بھاری بھرکم زیورات کی جگہ نازک اور ہلکے پھلکے زیورات نے لے لی۔نیکلس‘گلوبند اور بُندوں بالیوں کا سائز سکڑ کر مختصر ہوتا چلا گیا۔لیکن وہ جو کہا جاتا ہے کہ ثبات ایک تغیر کو ہے زمانے میں!سو فیشن انڈسٹری پر تو یہ مصرعہ کچھ زیادہ ہی صادق آتا ہے۔لہٰذا سُناروں نے فیشن کی متوالی خواتین کیلئے زیورات پر بے شمار تجربات کئے لیکن پھر جب ان کی جگہ جیولری ڈیزائنر نے لے لی تو اس انڈسٹری کو گویا پر لگ گئے یہی وجہ ہے کہ اب ہمارے ہاں بھی متعدد جیولری ڈیزائنر ایک سے ایک خوبصورت زیورات ڈیزائن کر رہے ہیں۔

جب سے انٹرنیٹ دنیا سکڑ کر انتہائی قریب آگئی تب سے دنیا بھر میں متعارف کرائے جانے والے فیشن ٹرینڈز آناً فاناً مقبولیت حاصل کر لیتے ہیں۔اب تمام فیشن ہاؤسز کا وطیرہ ہے کہ وہ موسم کے آغاز پر اپنی نئی کلیکشن متعارف کرواتے ہیں جس میں ملبوسات کے ساتھ ساتھ دیگر اشیاء بھی شامل ہوتی ہیں۔یعنی فیشن اب بھی موسم کے ساتھ رنگ بدل لیتا ہے۔
اس سال موسم بہار کیلئے جو زیورات متعارف کروائے گئے ہیں اس کے مطابق ایسے نیکلس اور جوکرز فیشن کا حصہ رہے گے جن کی بناوٹ اگرچہ نرم و نازک ہو گی لیکن یہ سائز میں بڑے اور بھرے ڈیزائنر پر مشتمل ہونگے۔

اس کے ساتھ قدیم روایتی انداز کی بالیاں اس بار فیشن کا حصہ ہونگی لہٰذا خواتین اس موسم میں بڑے سائز کی جیولری خریدنے اور پہننے کے لئے تیار رہیں بالخصوص گلے میں پہننے والے زیورات ایسے خریدیں جو بڑے سائز پر مشتمل ہوں اور کئی لڑیوں میں پروے ہوئے ہوں یا گلوبند کی مانند آپ کی پوری گردن کو ڈھانپ لیں۔فیشن بدلتے ہیں تو تھوڑی بہت ردو بدل کے ساتھ پرانا فیشن لوٹ کر آتا ہے لہٰذا اس بار زیورات کا روایتی مشرقی انداز لوٹ کر آیا ہے جس کے تحت پرانی طرز کی بڑی بڑی بالیاں جھمکے اور بُندے مقبولیت حاصل کر رہے ہیں یہی نہیں بلکہ چوڑیوں کا فیشن بھی واپس آرہا ہے۔


یہ ذکر صرف پاکستان کا نہیں بلکہ یہاں بات گلوبل فیشن انڈسٹری کی ہو رہی ہے لہٰذا اسے مقامی فیشن سمجھتے ہوئے نظر انداز نہ کریں اور کسی بھی تقریب کے لئے یہی روایتی انداز اپنائیں۔اور یہ بھی یاد رکھیں کہ اس سال کا رنگ شوخ پیلا اور گہرا سرمئی ہے لہٰذا اپنے ملبوسات اور میچنگ زیورات پسند کرتے ہوئے ان رنگوں کو ضرور اپنائیں اور خوبصورت نظر آئیں۔

What's Your Reaction?

like
0
dislike
0
love
0
funny
0
angry
0
sad
0
wow
0