سینیٹ میں شکست: پی ڈی ایم کے تین بڑوں نے سر جوڑ لیے

اسلام آباد: چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں شکست کے بعد پی ڈی ایم کے تین فیصلہ سازوں نے سر جوڑلیے۔

سینیٹ میں شکست: پی ڈی ایم کے تین بڑوں نے سر جوڑ لیے

ذرائع کے مطابق سینیٹ الیکشن کے بعد حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں تینوں رہنماؤں نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین  سینیٹ کے انتخاب میں شکست کی وجوہات تک پہنچنےکے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تینوں رہنماؤں نے لانگ مارچ کی تیاریوں اور پی ڈی ایم کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا اور اتفاق کیا کہ صادق سنجرانی سے قریبی تعلق رکھنے والے اپوزیشن اراکین کو چیک کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں ووٹ مسترد اور پھر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی امیدوارکو وہ سب ووٹ کیسےمل گئے؟

پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ اب استعفوں کے بغیر لانگ مارچ فائدہ مند نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کامیاب جب کہ اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو شکست ہوئی تھی۔

پریزائیڈنگ افسر سید مظفر شاہ نے یوسف رضا گیلانی کو ڈالے گئے 7 ووٹ مسترد قرار دیے تھے جس پر اپوزیشن جماعتوں نے الیکشن ٹریبونل جانے کا اعلان کیا ہے۔

What's Your Reaction?

like
0
dislike
0
love
0
funny
0
angry
0
sad
0
wow
0