شادی ہو رہی ہے سمارٹ کیسے ہوں - خواتین کیلئے مضامین

شادی ہو رہی ہے سمارٹ کیسے ہوں - خواتین کیلئے مضامین
چونکہ یہ شادیوں کا موسم ہے،گھر سے نکلوں سڑک پر کئی پھولوں سے سجی گاڑیوں پر نظر پڑتی ہے جس میں بیٹھی دلہن اور دولہے کو ہر کوئی شوق سے دیکھتا ہے ایسے میں ہم نے سوچا کیوں نہ دلہن کو شادی والے دن خوبصورت اور سمارٹ لگنے کے راز بتائیں جائیں اور شادی سے پہلے لی جانے والی سب سے بڑی ٹینشن کا ذکر کیا جائے۔

جی ہاں!یقینا آپ سمجھ گئی ہوں گی کہ کس ٹینشن کا ذکر کیا جا رہا ہے۔ لہنگا فٹ ہونے کی ٹینشن،آستینوں میں بازو زیادہ بھاری لگنے کی ٹینشن یا پھر میک اپ میں آنٹی والا لک آنے کی ٹینشن۔ ایک مکمل اور خوبصورت دلہن کیلئے نہ صرف بہترین لباس،خوبصورت جیولری اور دلکش انداز لازمی تصور کیا جاتا ہے بلکہ ایک آئیڈیل ویٹ (وزن) بھی ضروری ہے اور اس خواہش کی تکمیل کیلئے شادی سے ،پہلے ہر دلہن کے سر پر وزن کم کرنے کی دھن سوار ہو جاتی ہے۔
اگر آپ کی بھی شادی ہونے والی ہے اور آپ کو بھی ایسی صورتحال کا سامنا ہے تو شادی سے کم از کم 6 سے 8 ہفتے پہلے ایکٹو ہو جائے،کن عوامل کے ذریعے وزن میں کمی کی جا سکتی ہے ،یہ ہم آپ کو بتائیں گے۔
ہر دلہن کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بناؤ سنگھار کے حوالے سے ایسے بہترین لباس اور میک اپ لک کا انتخاب کرے ،جو اس کو خوبصورت و پُرکشش روپ عطا کرے لیکن اس خوبصورتی سے قبل جو چیز زیادہ اہم ہے وہ آپ کا باڈی پوسچر ہے۔

اگر آپ کا باڈی پوسچر خوبصورت اور متوازن نہیں ہے تو ذیل میں دیئے گئے اسٹیپس پر باقاعدگی سے عمل کرکے آپ شادی والے دن لمبی،دبلی اور مزید جاذب نظر لگ سکتی ہیں۔
آلتی پالتی مار کر بیٹھ جائیں،سر پر کوئی کشن یا کتاب وغیرہ رکھیں اور بالکل سیدھی بیٹھیں،پھر اسی طرح انھیں اور دوبارہ بیٹھنے کی کوشش کریں۔ جب آپ کو محسوس ہو کہ اب آپ کتاب یا کشن گرائے بنا آسانی کے ساتھ اُٹھ اور بیٹھ رہی ہیں تو پھر چلنے کی کوشش کریں۔

دن میں روزانہ 15 سے 20 منٹ یہ عمل کریں۔ وقت کے ساتھ بیٹھنے،اُٹھنے اور چلنے کا دورانیہ بڑھائیں۔
اگر آپ کے بازو موٹے ہیں تو اس کے لئے دونوں ہاتھ اپنے بازووں کے سامنے بالکل سیدھے کر لیں،پھر مٹھیاں بند کرکے کلاک وائز اور اینٹی کلاک وائز گھمائیں۔ ہاتھوں کو فل اسٹریچ کریں۔ آغاز میں یہ عمل 10 مرتبہ کریں اور پھر ہر دن اس کی تعداد بڑھاتی جائیں۔

اگر آپ کی چن ڈبل ہے اور چہرے پر ایک ناگوار تاثر دیتی ہے تو شادی سے قبل اس سے نجات ضروری ہے۔ اس کیلئے منہ اوپر کی طرف کرکے انگلیوں کی مدد سے چن کو آہستہ آہستہ تھپتھپائیں۔
گالوں کو نارمل رکھنے کے لئے پاوٹ (ہونٹ لٹکانا) بنائیں۔ شادی والے دن دبلا پتلا اور سلم نظر آنے کے لئے ورزش بے حد ضروری ہے۔ اس سے نہ صرف وزن کم کیا جا سکتا ہے بلکہ فٹنس اور فعالیت بھی برقرار رکھی جا سکتی ہے۔

ساتھ ہی اس جسمانی سرگرمی کے ذریعے جسم میں توانائی کی سطح بھی بڑھ جاتی ہے۔ شادی سے کم از کم ایک سے دو ماہ پہلے ورزش کرنا شروع کر دیں۔ ذیل میں دی گئی ورزش کو آپ کے صرف 14 منٹ درکار ہوں گے اور ان چند منٹوں کے دوران کی گئی یہ ورزش ایک مہینے میں ہی آپ کے وزن میں خاصی کمی کا باعث بنے گی۔ ہر ورزش کے لئے دو منٹ مختص کریں۔ جاگنگ یا سیڑھیاں چڑھنا اور اترنا،اسٹڈی چیئر کے ساتھ پریس اَپ اور پریس ڈپ، جمپنگ جیکس، پلینکس اورسٹ اَپ،ہر مشق کے دوران 30 سیکنڈ کا وقفہ ضروری ہے۔

پہلے اور دوسرے ہفتے ایکسر سائز کا دورانیہ 14 منٹ جبکہ تیسرے اور چوتھے ہفتے اس کا دورانیہ بڑھا کر دُگنا کر دیں جبکہ پانچویں اور چھٹے ہفتے کا سیشن تین گنا بڑھا دیں۔ پہلے دو ہفتوں میں 30 منٹ چہل قدمی کریں،تیسرے اور چوتھے ہفتے میں 30 منٹ جبکہ پانچویں اور چھٹے ہفتے میں اس کا دورانیہ کم از کم 40 منٹ ہوجانا چاہیے۔
ایکسر سائز کے علاوہ جو ایک اور چیز اہم ہے ،وہ آپ کا ڈائٹ پلان ہے۔

وزن کم کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ کھانا پینا چھوڑ دیا جائے اور جسم کو درکار لازمی غذائیت بھی فراہم نہ کی جائے۔ اسی لئے شادی کی ویڈیو یا تصاویر میں دبلی پتلی نظر آنے سے بہتر ہے کہ صحت مند نظر آئیں۔ آپ ڈاکٹر کے مشورے سے بھرپور ڈائٹ کے ساتھ کچھ ایکسر سائز کر سکتی ہیں تاکہ آپ کے چہرے کی دلکشی اور بالوں کی مضبوطی اور گھنے پن میں کسی قسم کی کمی نہ پائے۔

What's Your Reaction?

like
0
dislike
0
love
0
funny
0
angry
0
sad
0
wow
0