شہباز گل کا جیو نیوز کے اینکر شاہزیب خانزادہ پر غلط بیانی کا الزام

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے جیو نیوز کے اینکر شاہزیب خانزادہ پر غلط بیانی اور جھوٹ کا الزام عائد کیا ہے۔

شہباز گل کا جیو نیوز کے اینکر شاہزیب خانزادہ پر غلط بیانی کا الزام

معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ویسے شاہزیب خانزادہ صاحب نے غلط بیانی اور جھوٹ کی حد کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا پاکستان نے اس سال ٹوٹل 353 ملین ڈالر کی ایل این جی کی اسپاٹ خریداری کی ہے جو پاکستانی روپے میں 57 ارب روپے بنتے ہیں اور یہ (شاہزیب خانزادہ) فرما رہے ہیں کہ 122 ارب کا نقصان ہو گیا۔

شہباز گل نے اینکر پر طنز کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ کمال کی صحافت ہے، خریداری کی 57 ارب کی اور گھاٹا پڑ گیا 122 ارب کا۔

ندیم بابر نے جھوٹ پکڑے جانے پر یہی جھوٹ شہباز گل سے بھی بلوا دیا: شاہزیب خانزادہ

دوسری جانب جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ کے میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ ندیم بابر نے غلط بیانی کی، پروگرام میں ہم نے یہ نہیں کہا تھا کہ 122 ارب کا نقصان صرف ایک تاخیر سے ہوا ہے، ہم نے قومی خزانے کو پہنچنے والے 122 ارب روپے کے نقصان کی پوری تفصیل دی تھی۔

ان کا کہنا تھا ہم نے بتایا تھا کہ 2018 میں ایل این جی ٹرمینل پوری طرح استعمال نہ کرنے پر 45 ملین ڈالر ادا کیے گئے، پھر 2018 سے 2020 تک ٹرمینل پورا استعمال نہ کرنے سے 25 ارب روپے کا نقصان کیا گیا۔

شاہزیب خانزادہ نے بتایا کہ 30 ارب روپے کا نقصان اس سال کے 9 ماہ میں فرنس آئل سے مہنگی بجلی پیدا کرکے کیا گیا جب کہ 20 ارب روپے کا نقصان فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنے کی وجہ سے سردیوں میں ہو گا اور 10 ارب روپے کا نقصان 2018کی سردیوں میں کیا گیا، اسی طرح 35 ارب روپے کا نقصان گرمیوں میں سستی ایل این جی ملنے کے باوجود اور یہ پتا ہونے کے باوجود کہ دسمبرمیں پاکستان کو ایل این جی چاہیے ہوگی، پھر بھی دیر کرنے سے ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان اگست اور ستمبر میں دیر سے ایل این جی خریدنے کی وجہ سے ہوا، ملک کا 122ارب روپے کا نقصان صرف غلط فیصلوں کی اور فیصلوں میں تاخیر کی وجہ سے کیا گیا۔

شاہ زیب خانزادہ نے کہا کہ ندیم بابر نے اپنا جھوٹ پکڑے جانے پر یہی جھوٹ شہباز گل سے بھی بلوا دیا۔

What's Your Reaction?

like
0
dislike
0
love
0
funny
0
angry
0
sad
0
wow
0