لاہور میں کسان کی موت کا واقعہ، پنجاب حکومت کا ردعمل سامنے آ گیا

کسان رہنما ملک اشفاق لنگڑیال کے انتقال کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کی وجوہات جاننے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق انہیں کل نہیں آج دوپہر دل کی تکلیف کی وجہ سے ہسپتال لایا گیا ، فردوس عاشق اعوان کا ٹوئٹ

لاہور میں کسان کی موت کا واقعہ، پنجاب حکومت کا ردعمل سامنے آ گیا

معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب نے کسان کی موت کو انتہائی افسوسناک واقعہ قرار دے دیا ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ’’کسان رہنما ملک اشفاق لنگڑیال کے انتقال کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے جس کی وجوہات جاننے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے ۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق انہیں کل نہیں آج دوپہر دل کی تکلیف کی وجہ سے ہسپتال لایا گیا ۔ میڈیکل بورڈ کی تفصیلی رپورٹ آنے تک قیاس آرائیوں سے گریز کرناچاہیے‘‘۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس اور کسانوں کے درمیان تصادم کی وجہ سے ٹھوکر نیاز بیگ کا علاقہ میدان جنگ بن گیا تھا ۔

پولیس کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں دھرنے پر بیٹھے کسانوں پر کیمیکل ملے پانی کااستعمال اور شیلنگ کی گئی جبکہ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھرائو کیا گیا جس کے نتیجے میں میڈیا سمیت کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ، پتھراؤ سے ایک راہگیر بھی زخمی ہو گیا ، پولیس نے متعدد کسانوں کو حراست میں لے لیا ، اپوزیشن نے پنجاب پولیس کی جانب سے کسانوں پر تشدد اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ۔

جب کہ کسان اتحاد دھرنے میں پولیس کے تشدد سے زخمی ہونے والے ملک اشفاق لنگڑیال دم توڑ گئے ہیں۔فنانس سیکرٹری ضلع وہاڑی اشفاق لنگڑیال پولیس کی شیلنگ سے گذشتہ روز زخمی ہوئے تھے ۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری تھا تاہم وہ جان کی بازی ہار گئے،اشفاق لنگڑیال کی وفات پر کسان اتحاد کی جانب سے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے ۔    

What's Your Reaction?

like
0
dislike
0
love
0
funny
0
angry
0
sad
0
wow
0