وزیراعظم کا 2021ء کے دو اہداف کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سال نو کے دو اہداف مقرر کرلیے جن میں صحت کی مفت سہولیات اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام شامل ہے۔

وزیراعظم کا 2021ء کے دو اہداف کا اعلان

پاکستان میں متعارف ہونے والی گاڑیوں کی اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرے سال نو 2021 کے دو اہداف ہیں جن میں ایک تو “یونیورسل ہیلتھ کوریج” ہے جو پنجاب، گلگت بلتستان اور خیبر پختون خوا کے لیے ہوگا، ہر گھرانے کے پاس ہیلتھ انشورنس ہوگی، شہری کسی بھی اسپتال میں جاکر ہیلتھ کارڈ دکھاکر اپنا علاج کراسکیں گے، یہ بہت بڑا چیلنج ہے اور اس طرح کا پروگرام امیر ممالک میں بھی نہیں ہوتا۔

عمران خان نے بتایا کہ دوسرا پروگرام ہے کہ “کوئی پاکستان میں بھوکا نہ سوئے”، اس میں پوری قوم اور سارا ملک شامل ہوگا، آئی ٹی کا استعمال کرکے ان علاقوں کی نشاندہی کریں گے جہاں بھوک زیادہ ہے، فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر احساس پروگرام کے ذریعے یہ نیا پروگرام لانچ کروں گا تاکہ سال کے آخر تک پاکستان وہ ملک بن جائے کہ کوئی شہری بھوکا نہ سوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا پہلا سال معیشت کی بحالی میں لگا، دوسرے سال بدقسمتی سے کورونا کا سامنا ہوگیا جس میں حکومتی حکمت عملی کامیاب رہی، ہم نے لوگوں کو بھوک سے بچایا اور پاکستان نے برصغیرمیں کووڈ میں سب سے زیادہ تیزی سے ریکور کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 2021 ترقی کا سال ہے، پاکستان مثبت سمت میں جا رہا ہے، کاروبار دوست پالیسی بنا کر صنعتوں کو ترقی دیں گے، ہم ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے اگلے حصے میں زراعت بھی شامل ہے، برآمدات میں اضافے کیلئے چین کی مدد حاصل کریں گے، ملکی زرعی پیداوار میں اضافے کی کوشش کریں گے، ہماری کوشش ہے اکنامک زونز میں چینی سرمایہ کاری آئے، چین دنیا میں سب سے تیزی سے آگے بڑھنے والا ملک ہے، صنعتی طور پر مضبوط ہونے کیلئے اس سے شراکت داری ضروری ہے، ہماری کوشش ہے عوام کو غربت سے نکالیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے انڈسٹریلائز ہونا اور ترقی کرنی ہے تو چین بہترین اتحادی ہے، چین نے کم مدت میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا، اس سے ہم بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، اس کا ڈویلپمنٹ ماڈل ہمارے لیے سب سے زیادہ قابل عمل ہے۔

What's Your Reaction?

like
0
dislike
0
love
0
funny
0
angry
0
sad
0
wow
0