’ہمارا وژن پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر حقیقی فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے‘

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یومِ پاکستان پر خصوصی بیانات جاری کیے۔

’ہمارا وژن پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر حقیقی فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے‘

صدرِ مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ آج ہم بانیانِ پاکستان کو ان کی خدمات اورقربانیوں پرخراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آج ہم پاکستان کو ایک معاشی طور پرمضبوط اورخوشحال ملک بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

عارف علوی نے کہا کہ آج اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، بھارتی سکیورٹی فورسز نے کشمیریوں کو 7 دہائیوں سے محکوم بنا رکھا ہے، کشمیریوں کو بدترین جبر اور ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا ہے، ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں، مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کا دنیا کو نوٹس لینا چاہیے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے جموں وکشمیرکے تنازع کا حل کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا بیان

علاوہ ازیں یومِ پاکستان پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 23 مارچ 1940 ایک تاریخی موقع تھا جب برصغیر کے مسلمانوں نے خودکو ہندوتوا ذہنیت کے جبر اور غلامی کے شکنجوں سے آزاد کرنے کے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا، آج ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے ان تمام رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ ان رہنماؤں نے ہندوستان کے مسلمانوں کو متحد کیا اور ایک آزاد مسلم ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کی،  اس جدوجہد کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو دنیا کے نقشے پر پاکستان معرض وجود میں آیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناح کی جانب سے وضع کیے گئے'اتحاد، ایمان اور تنظیم' کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، ہمارا وژن پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک حقیقی جمہوری فلاحی ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔

What's Your Reaction?

like
0
dislike
0
love
0
funny
0
angry
0
sad
0
wow
0