یہ حکومت آخری دھکے کے بعد جانے والی ہے ، مریم نواز

حکومت کوئی اورچلارہا ہے یہ تو صرف کرسی پربیٹھا ہے ، لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی بجلی کے بل دیں یا گھرکا چولہا جلائیں ، جس کی حکومت جانے والی ہو کیا عوام اس پراپنا ووٹ ضائع کریں گے؟ ئاب صدر ن لیگ کا جلسے سے خطاب

یہ حکومت آخری دھکے کے بعد جانے والی ہے ، مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت کوئی اورچلارہا ہے یہ تو صرف کرسی پربیٹھا ہے ، یہ حکومت آخری دھکے کے بعد جانے والی ہے ، کیوں کہ وزیراعظم کو غریب عوام کا کوئی احساس نہیں ہے ، لوگ جھولیاں اٹھا کرجعلی حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے علاقے نگر خاص میں انتخابی جلسے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی بجلی کے بل دیں یا گھرکا چولہا جلائیں ، جس کی حکومت جانے والی ہو کیا عوام اس پراپنا ووٹ ضائع کریں گے ؟ جس کے گھرکا خرچ کوئی اوراٹھاتا ہو اسے عوام کی کیا فکر ہوگی ، وزیراعظم کے اردگرد عوام کی جیبوں پرڈاکا ڈالنے والے موجود ہیں ، کراچی میں میرے کمرے کا دروازہ توڑکرداخل ہوگئے ، اب یہ حکومت آخری دھکے کے بعد جانے والی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ساڑھے 7 ارب روپے کے منصوبے دیئے ، کیوں کہ مسلم لیگ ن جانتی ہے عوام کی خدمت اس کا فرض ہے ، نگرخاص میں جو کام ہوئے وہ مسلم لیگ ن نے کرائے ۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ ظالم کے آگے سرنہیں جھکانا ، شاید ہی کوئی ظلم ہوجو نوازشریف پر نہ کیا گیا ہو، عمران خان نے ن لیگ کو انتقام کا نشانہ بنایا ، نوازشریف نے ہرظلم کا بہادری کیساتھ سامنا کیا،نوازشریف نے اپنی بیٹی کو جیل جاتے ہوئے بھی دیکھا۔

اس سے قبل انہوں نے کہا کہ بزدل لوٹے جھکتے بھی ہیں اور بکتے بھی ہیں ، جتنی چاہے دھاندلی کرلو جتنے چاہے مسلم لیگ ن کے لوگوں کو توڑ لو ، بزدل لوٹے ہوسکتے ہیں بزدلوں کو خرید بھی سکتے ہو لیکن گلگت بلتستان کے عوام کو نہیں خرید سکتے ، کیا ایسے لوگوں کو ووٹ دو گے جو نہ خواتین کا احترام کرتے ہیں اورنہ انسان کا ؟ جیل والد سے ملاقات کرنے گئی تو والد کی آنکھوں کے سامنے گرفتار کیا گیا ، مجھے سچائی کا ساتھ دینے پر گرفتار کیا گیا تھا ، حق کی آواز اٹھانے پر گرفتار کیا گیا تھا ، مجھے گلگت بلتستان کی عوام کی طرح نوازشریف کے ساتھ ڈٹے رہنے پر گرفتار کیا گیا تھا ، اپنی تقدیر ، ترقی اور خوشحالی کا فیصلہ ایسی حکومت کے ہاتھ نہ دیں جو جاتی نظر آرہی ہے ، حکومت عزت کیلئے کی جاتی ہے ، ایسی حکومت سے موت اچھی جس کے بدلے ذلت ملے جو انہیں مل رہی ہے ۔

What's Your Reaction?

like
0
dislike
0
love
0
funny
0
angry
0
sad
0
wow
0